پشاور: رشکئی انٹرچینج کے قریب فائرنگ، سکیورٹی اہلکار شہید

پشاور( ڈیلی اردو) پشاور موٹروے پر رشکئی انٹرچینج کے قریب پنکچر کے باعث گاڑی کا ٹائر تبدیل کرنے کے دوران نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سکیورٹی فورسز کا ایک اہلکار شہید ہوگیا جبکہ نامعلوم ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلئے اور مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سپیشل انوسٹی گیشن یونٹ پاک آرمی کے نائیک خلیل نے رپورٹ درج کراتے ہوئے تھانہ رسالپور پولیس کو بتایا کہ گزشتہ شب ڈیوٹی کے بعد ہم پرائیویٹ گاڑی نمبر ڈبلیو جی 359 میں پشاور سے راولپنڈی جارہے تھے کہ راستہ میں رشکئی انٹر چینج کے قریب گاڑی کا ٹائر برسٹ ہونے کی وجہ سے ہم ٹائر تبدیل کےلئے رک گئے۔

ٹائر تبدیل کرنے کے بعد موٹروے سے ملحقہ سروس روڈ پر دو موٹرسائیکل سواروں نے رک کر لانس نائیک عرفان اللہ سے باتیں شروع کردی، ہم سمجھے کو وہ ہماری مدد کے لئے رکے ہیں تاہم انہوں نے اچانک پستول سے لانس نائیک پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگیا جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہوگئے، ہم نے زخمی لانس نائیک کو طبی امداد کےلئے مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا جہاں ڈاکٹروں کی جانب سے معلوم ہوا کہ وہ شہید ہوچکا ہے۔

پولیس کے مطابق نائیک خلیل کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف 7 اے ٹی اے، 302 اور 34 کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے جبکہ علاقے میں پاک آرمی کے ہمراہ سرچ آپریشن کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں گزشتہ روز ایک پولیس اہلکار ٹریفک وارڈن اجمیر شاہ کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنا کر شہید کر دیا گیا

اپنا تبصرہ بھیجیں