لاہور + بورے والا ( ڈیلی اردو) سانحہ ساہیوال کے متاثرہ خاندان نے سانحہ کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی جانے والی جے آئی ٹی پر کئی مرتبہ عدم اعتماد کا اظہار کیا اور جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ بھی کیا جسے منظور نہیں کیا گیا۔ تاہم اب سانحہ ساہیوال کے متاثرہ خاندان نے جے آئی ٹی کے خلاف پہیہ جام ہڑتال کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سانحہ ساہیوال میں جاں بحق ہونے والی فیملی کے ورثا اور گاؤں والوں نے جے آئی ٹی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین نے دھمکی دی کہ جوڈیشل کمیشن نہ بنانے کی صورت میں پورے پنجاب میں پہیہ جام ہڑتال کردیں گے۔ سانحہ ساہیوال میں سی ٹی ڈی کے ہاتھوں شہید ہونے والی خلیل کی فیملی کے ورثاء نے گذشتہ روز اپنے آبائی گاؤں 293/ ای بی میں شہید کے کزن رضوان اور تایا حنیف کی قیادت میں اہل دیہہ کے ہمراہ احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے جے آئی ٹی کو مسترد کردیا اورکہا کہ جے آئی ٹی سے انہیں انصاف کی کوئی توقع نہیں اس مقدمہ کی تفتیش کے لئے حکومت فوری طور پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دے اور وزیر اعلیٰ پنجاب استعفیٰ دیں ورنہ 24 گھنٹوں بعد ہم پورے پنجاب میں پہیہ جام احتجاجکی کال دیں گے جس میں تمام شہروں کے اندر احتجاجی دھرنے دیئے جائیں گے ۔
مظاہرے میں شریک کالج کے طلباء کا کہنا تھا کہ ہم تمام کالجز کے طلبا کو بھی اس احتجاج میں شرکت کی کال دیں گے اور انصاف کے حصول تک احتجاج جاری رکھیں گے ۔ شہید خلیل کی بہنوں نے کہا کہ عمران خان جو مدینہ کی ریاست قائم کرنے کے دعوے کرتے تھے اب بتائیں کہ کہاں ہے مدینہ کی ریاست ؟ کیا مدینہ کی ریاست میں ایسے ظلم ہوتا ہے ؟ اور کیا مظلوم کو انصاف ایسے ملنا ہے ؟یاد رہے کہ سانحہ ساہیوال کے مقتولین کے لواحقین نے واقعہ کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی جانے والی جے آئی ٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مقدمہ فوجی عدالت میں چلانے کا مطالبہ کیا تھا ۔واضح رہے کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ بھی سانحہ ساہیوال پر تشکیل دی جانے والی جے آئی ٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کرچکی ہے