اسلام آباد (ڈیلی اردو) یوم یکجہتی کشمیر پر حکومت پاکستان نے کل عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے، صبح دس بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کر کے شہدائے کشمیر کو. خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر پر عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے، مرکزی تقریب ڈی چوک اسلام آباد پر ہو گی اور صبح دس بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کر کے شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔
تعطیل کے باعث ملک بھر میں تمام تعلیمی ادارے ، سرکاری و نجی دفاتر، اور بینک بند رہیں گے۔
یومِ یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں چاروں صوبائی اور وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں جلسے ،جلوس ، ریلیاں اور سیمینارز منعقد کئے جائیں گے۔
یوم یکجہتی کشمیر کا دن منانے کا آغاز 1990 میں ہوا تھا ، اس دن کو منانے کا مقصد بھارتی مظالم کے شکار کشمیریوں کی حمایت کا دنیا بھر میں اعلان کرنا ہے۔
پاکستان نے برسوں پہلے کشمیر کا ایک حصہ آزاد کرایا تھا، جسے آج دنیا آزاد کشمیر کہتی ہے، جہاں کے لوگ آزاد فضا میں سانس لیتے ہیں۔ اور دوسری طرف کشمیر کا وہ حصہ ہے جس پر بھارتی فوج قابض ہے، اس وادی سے ستر برس سے ایک ہی نعرہ بلند ہورہا ہے کہ۔ کشمیر بنے گا پاکستان۔