نیو یارک (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) وزیراعظم عمران خان پاکستان واپسی کے لئے ہفتہ کی دوپہر کمرشل پرواز کے ذریعے ریاض کے لئے روانہ ہوگئے۔ گزشتہ شام ان کا خصوسی طیارہ فنی خرابی کے باعث نیویارک واپس چلا گیا تھا جہاں سے وہ کمرشل پرواز کے ذریعے روانہ ہو گئے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سیکرٹری خارجہ سہیل محمود بھی ہیں کو نیو یارک کے کینیڈی ہوئی اڈے پر اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے الوداع کیا۔
خصوصی طیارہ جو سعودی حکومت نے ان کی صوابدید پر بھیجا تھا میں جمعہ کی شام فنی خرابی پیدا ہوگئی ٹیکنیشینز نے فنی خرابی دور کرنے کی کوشش کی لیکن نہ کر پائے جس کے بعد اسے نیو یارک واپس اتار لیا گیا تھا۔
حکام نے پاکستانی سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی بتایا کہ جسکے بعد روز ویلٹ ہوٹل جہاں وزیر اعظم نیو یارک کے 7 روزہ دورے کے دوران قیام پذیر تھے، جانے کا فیصلہ کیا گیا اور ہفتہ کی صبح واپسی کے سفر کے لئے سعودی ایئر لائن کی باقاعدہ پرواز حاصل کی گئی ہے، کیونکہ وزیر اعظم زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کے دورے اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کے لئے فکر مند ہیں۔
”کشمیر مشن“ کے دوران پاکستانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74 ویں اجلاس میں شرکت کی اور جنرل اسمبلی کے 193 اراکین سے خطاب کیا اور اقوام متحدہ کے خصوصی سربراہ اجلاسوں میں بھی شرکت کی۔
جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت عالمی رہنماﺅں کے ساتھ علیحدہ ملاقاتیں کیں اور تھنک ٹینکس سے خطاب کیا اور عالمی ذرائع ابلاغ کے ساتھ بھی بات چیت کی۔