ایران کے اسپیس ریسرچ سینٹر میں آتشزدگی، 3 سائنسدان جاں بحق

تہران (ویب ڈیسک) ایران کے اسپیس ریسرچ سینٹر میں خطرناک آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 3 سائنسدان جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔

ایران کی نیم سرکاری خبر ایجنسی ‘اسنا’ کے مطابق وزیر مواصلات محمد جاوید آزاری جاہرومی نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں 3 سائنسدان جاں بحق ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ آگ اسپیس ریسرچ سینٹر کی عمارت میں لگی تاہم انہوں نے واقعے کی مزید تفصیلات بتانے سے انکار کیا۔

واضح رہے کہ ایران نے امریکی تنقید کے باوجود خلا میں سیٹلائٹ بھیجنے کا منصوبہ بنایا ہے، تاہم امریکا کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ شروع کر کے ایران اپنے بیلسٹک میزائل پروگرام کو فائدہ پہنچانا چاہتا ہے۔

جنوری میں ایران نے ایک سیٹلائٹ خلا میں بھیجا تھا تاہم حکام کے مطابق یہ اپنی لانچ کے تیسرے مرحلے میں مذکورہ رفتار تک پہنچنے میں ناکام رہا۔

ایران نے گزشتہ ایک دہائی کے دوران متعدد سیٹلائٹ خلا میں بھیجے ہیں اور 2013 میں ایک بندر کو خلا میں بھیجا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں