اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں وعدہ کرتاہوں کہ مودی کی فاشسٹ حکومت، مسلمانوں سے نفرت کرنے والی حکومت کو ہر فورم پر دنیا کے سامنے بے نقاب کروں گا۔
جنرل اسمبلی میں کشمیر کا کامیاب مقدمہ لڑنے کے بعد وطن واپس پہنچنے پر اسلام آباد میں وزیراعظم کا بھرپور استقبال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں استقبال کیلئے آنے والے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں سب سے پہلے اپنی قوم کا شکریہ ادا کرتاہوں۔ جس طرح آپ نے ہماری کامیابی کیلئے دعائیں کیں کہ ہم اپنے مشکل وقت میں گھرے ہوئے کشمیریوں کیلئے کا کیس اقوام متحدہ میں بھر پور طریقے سے رکھیں، اس پر میں قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ سب سے پہلے یاد رکھیں کہ جو ہم اب کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، دنیا ان کے ساتھ کھڑی ہو یا نہ ہو لیکن پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہم ان کے ساتھ اس لیے کھڑے ہیں کہ ہم اپنے اللہ کو خوش کرنا چاہتے ہیں۔ 80 لاکھ لوگوں کو ہندوستان کی فوج نے کرفیو میں بند کرکے رکھا ہوا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ میں صرف یہ سمجھانا چاہتا ہوں کہ جدو جہد میں اونچ نیچ ہوتی ہے، جدو جہد اونچ نیچ کا ہی نام ہے۔ اچھا اور برا وقت دونوں آتے ہیں، آپ نے برے وقت میں مایوس نہیں ہونا ہے۔ آپ نے مایوس اس لیے نہیں ہونا کیونکہ کشمیر کے لوگ آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ جب تک آپ ان کے ساتھ کھڑے ہیں کشمیر کے لوگ جدو جہد کرتے رہیں گے اور انشااللہ وہ آزادی جیتیں گے۔