معروف سماجی کارکن گلالئی اسماعیل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد نے معروف سماجی کارکن گلالئی اسماعیل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

منگل کو کیس کی سماعت ایڈیشنل اینڈ سیشن جج عطا ربانی نے کی، گلالئی اسماعیل کے وارنٹ گرفتاری فرشتہ قتل کے بعد مظاہرے میں اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کا معاملے پر درج مقدمے  کی سماعت میں عدم پیشی پر جاری کیے گئے۔

گلالئی اسماعیل عدالت کی جانب سے 3 مرتبہ نوٹسز جاری ہونے کے باوجود پیش نہ ہوئیں۔ تفتیشی افسر کی جانب سے عدالت میں رپورٹ جمع کروا دی گئی۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ گلالئی اسماعیل کے گھر نوٹس کی تعمیل کیلئے گئے لیکن ملزمہ گھر موجود نہیں تھی۔

عدالت نے عدالتی نوٹسز کے باوجو پیش نہ ہونے پر ملزمہ گلالئی اسماعیل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کر دیئے۔

عدالت کی جانب سے ملزمہ گلالئی اسماعیل کے اشتہاری قرار دینے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا۔ آئندہ سماعت پر پیش نہ ہونے پر ملزمہ کے خلاف اخبارات اور ملزمہ کے گھر کے باہر بھی اشتہاری ہونے کا اشتہار لگایا جائے گا۔

گلالئی اسماعیل نے فرشتہ مہمند قتل واقعہ  پر حساس ادارے کے خلاف تقریر کی تھی جس کی بناپر انکے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔کیس کی سماعت 21 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔

واضح رہے کہ معروف سماجی کارکن گلالئی اسماعیل چند روز قبل ہی پاکستان سے امریکہ پہنچ چکی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں