مظفر آباد: جے کے ایل ایف کا قافلہ گڑھی دوپٹہ پہنچ گیا، قافلہ صبح چکوٹھی روانہ ہوگا

مظفر آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر سے سیز فائر لائن چکوٹھی کی جانب آزادی مارچ کا دوسرا مرحلہ مکمل ہوگیا۔ مظفرآباد سے شروع ہونے قافلہ 24 کلو میٹر کا پیدل سفر طے کر کے گڑھی دوپٹہ پہنچ گیا، کل صبح نو بجے نئے عزم کے ساتھ شرکاء سیز فائر لائن کی طرف مارچ کریں گے۔

اس مارچ کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے نفاذ اور انسانیت سوز مظالم پر عالمی دنیا کی توجہ مبذول کروانا ہے۔آزادی مارچ میں بزرگ، خواتین اور ہزاروں کی تعداد میں نوجوان شریک ہیں۔

جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کی اپیل پر مظفرآباد سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) چکوٹھی کی جانب جانے والا قافلہ اس وقت گڑھی دوپٹہ پہنچ گیا۔

آزادی مارچ کے شرکاء مظفرآباد، اپر اڈا، میر واعظ روڈ اور مرکزی شہر سے کنٹرول لائن چکوٹھی کی جانب روانہ ہوگئے ہیں۔

مارچ میں بھمبر، میرپور، کوٹلی، پلندری، پونچھ، باغ، حویلی اور نیلم اضلاع سے بھی قافلے شامل ہیں، یہ قافلے گڑھی دوپٹہ پہنچ گئے ہیں جہاں وہ رات قیام کے بعد صبح چکوٹھی کی جانب مارچ کریں گے۔

کمشنر مظفرآباد ڈویژن نے کہا ہے کہ مارچ کرنے والے شہریوں پر بھارتی فوج کی فائرنگ اور گولہ باری کا خدشہ ہے، جس سے شہریوں کو شدید جانی نقصان ہو سکتا ہے۔کمشنر مظفرآباد ڈویژن نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے نزدیک عوامی اجتماع قیمتی جانوں کے ضیاع کا موجب بن سکتا ہے، جلوس کے شرکا سے اپیل ہے کہ ایل او سی کے قریب اجتماع سے پرہیز کریں۔

انتظامیہ کی جانب سے مارچ روکنے کیلئے چناری کے قریب جسکول آبشار پر کنٹینرز لگائے گئے ہیں جبکہ پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔

شاہراہ سری نگر سے چکوٹھی کی جانب تمام رابطہ سڑکوں پر خار دار تار لگادیے گئے ہیں اور کنٹینرز لگا کر راستے بلاک کردیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے بیان میں خبردار کیا ہے کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزی کا بہانہ بنا کر بھارت ایل او سی کے پار حملہ کر سکتا ہے۔ 

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ کشمیری جدوجہد کی حمایت یا انسانی امداد دینے کیلئے ایل او سی پار کرنا بھارتی بیانیے کے ہاتھوں کھیلنے کے مترادف ہو گا، بھارتی بیانیہ کشمیریوں کی مقامی جدوجہد کو اسلامی دہشت گردی قرار دینے کی کوشش کرتا ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 13 ستمبر کو مظفرآباد میں جلسہ عام سے خطاب میں کہا تھا کہ کنٹرول لائن پر جانے کے خواہاں کشمیری میری کال کا انتظار کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں