جج ارشد ملک ویڈیو کیس: نوازشریف نے سپریم کورٹ میں نظرثانی درخواست دائر کردی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) نوازشریف نے جج ارشد ملک ویڈیو اسکینڈل کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کردی۔

درخواست میں جج ارشد ملک اور دیگر کو فریق بناتے ہوئے کہا گیا کہ ہمیں نوٹس کیے بغیر اور موقف سنے بغیر سپریم کورٹ نے ویڈیو کیس کا فیصلہ دیا اور معاملے کے پیرامیٹرز (حدود) طے کردیئے۔

نواز شریف نے درخواست میں کہا کہ ویڈیو اسکینڈل کے معاملے پر ہمارا موقف بھی سنا جائے، سپریم کورٹ نے جو ویڈیو اسکینڈل میں فیصلہ دیا اُس سے ہمارا حق متاثر ہوا، انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے ہمارا موقف سنا جائے اور عدالت اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک ویڈیو اسکینڈل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کو اختیار ہے کہ وہ اس ویڈیو کے منظرِ عام آنے کے بعد جج ارشد ملک کی طرف سے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو دی جانے والی سزا کا از سر نو جائزہ لے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں