نواز شریف کو کچھ ہوا تو ذمہ دار عمران خان ہوں گے: احسن اقبال

اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو کچھ ہوا تو ذمہ دار عمران خان ہوں گے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کل نواز شریف کی طبیعت اچانک ناساز ہوئی اور تحریک انصاف نے ان کی بیماری کا مذاق بنایا۔ حکومت نے نواز شریف کو طبی سہولتوں سے متعلق بےحسی کا مظاہرہ کیا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس 10 ہزار سے نیچے گرگئے ہیں اور مجھ پر قاتلانہ حملے پر بھی پی ٹی آئی میڈیا سیل نے ابہام پھیلایا۔ پتہ نہیں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کونسی ڈاکٹر ہیں؟

انکا کہنا تھا کہ کہا گیا ڈرامہ ہورہا ہے، سیاسی ناٹک ہورہا ہے اور عوام آن لائن دیکھ لیں 20 ہزار سے کم پلیٹ لیٹس کی سنگینی کیا ہے۔ پلیٹ لیٹس کم ہونے پر جسمانی اعضا سے خون کے رساؤ کا خدشہ بڑھ جاتا ہے اور بےحسی کی براہ راست ذمہ داری عمران خان پرعائد ہوتی ہے۔

ن لیگ کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ رات 12 بجے تک حکام نواز شریف کی رپورٹ پر سوتے رہے اور حکومتی رویے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ حکومت نے معیشت کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا اور عمران نیازی دنیا کو ٹوئٹ سے بتاتے ہیں کہ معیشت بہتر ہوگئی ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ معشیت اعتماد بحال کرنے سے ٹھیک ہوتی ہے اور کرکٹ کی پچ پر تو یوٹرن لیا جاسکتا ہے مگرمعیشت پر نہیں۔ آج پاکستان کی کرنسی ایشیا کی کمزور ترین کرنسی شمار ہورہی ہے اور پاکستان میں صرف بینک ترقی کررہے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اس ملک میں تیسرے درجے کی سیاست متعارف کروا رہی ہے اور نواز شریف کی صحت کے ساتھ کھیل ہورہا ہے۔ نواز شریف کو کچھ ہوا تو ذمہ دارعمران خان ہوں گے جب کہ نفرت اور تکبر کی سیاست کو فروغ دیا جارہا ہے۔

ن لیگ کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پاکستانی معیشت کا نائن الیون ثابت ہوئی ہے اور اس ملک کا ٹیلنٹ امیگریشن لے رہا ہے۔ ملک سے پروفیشنلز چلے جائیں گے تو ملک کیسے چلے گا جب کہ ملک میں صنعت اور زراعت کی پیداوار میں کمی ہوئی۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ افغانستان کا گروتھ ریٹ بھی پاکستان سے زیادہ ہوگیا ہے اور پاکستانی روپیہ مستحکم تھا آج ایشیا کی کمزور ترین کرنسی ہے۔ حکومت نے ایک سال میں سب سے زیادہ قرضے لیے ہیں اور حکومت نےغربت، مہنگائی دیکر 11 ہزار ارب روپے کا مقروض کردیا۔

انکا کہنا تھا کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث سرمایہ کار ملک سے جارہے ہیں اور وزیراعظم امریکا میں کہتے ہیں نواز شریف کا ٹی وی، اے سی بند کردوں گا۔ چین میں جاکر بولتے ہیں 500 بندوں کو جیل میں ڈال دوں گا اور خبردار کرتے ہیں نواز شریف کی صحت سے کھیلنا بند کردیں۔

ن لیگ کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہمارے قائدین کی صحت کے ساتھ کھیلنا بند کردیں اور مریم نواز کی صحت کے حوالے سے بھی تشویشناک خبریں مل رہی ہیں۔ مریم نواز کی میڈیکل رپورٹ فیملی کے ساتھ شیئر نہیں کی جارہی۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی کو سزائے موت کی بیرک میں رکھا گیا ہے اور شاہد خاقان کو طبی سہولتیں فراہم نہیں کی جارہیں۔ راناثنا اللہ کو بستر کی سہولت میسر نہیں ہے اور عمران صاحب معیشت سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے سے بہتر نہیں ہوتی۔

انکا کہنا تھا کہ مسٹر کلین کی ناک کے نیچے کرپشن ہورہی ہے اور پاکستان میں رشوت کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ ہم ہر ہتھکنڈے کا مقابلہ کریں گے مگر نظریے پر کھڑے رہیں گے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ رشوت کا جتنا ریٹ آج بڑھ گیا ہے اس کی پاکستان میں کبھی مثال نہیں ملتی اور وہ کونسی دیا نتداری ہے جس میں رشوت کا ریٹ بڑھ جاتا ہے۔

ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کا احسن اقبال کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ آمرانہ اور فسطائی سوچ کی کابینہ ہے جب کہ حکومتی اور نیب ترجمان ڈاکٹرعدنان پر الزامات عائد کررہے ہیں۔

مریم اورنگزیب  کا کہنا تھا کہ کرائے کے ترجمان اپنی نوکریاں بچانے کیلئے ایسے بیان دے رہے ہیں اور کرائے کے ترجمانوں کی زبان بندی کرلیں ورنہ ن لیگ کے کارکنان بہت مشتعل ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ اشتعال انگیزی پر سب سے پہلے عمران نیازی کیخلاف ایف آئی آر درج ہونی چاہیے اور کیپٹن (ر) صفدر اور سیاسی مخالفین اب گرفتار نہیں بلکہ اغوا کیے جارہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں