امریکی صدر ٹرمپ نے ترکی پر عائد پابندیاں اٹھالیں

واشنگٹن (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسیاں) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی پر شام میں کرد جنگجوؤں کے خلاف آپریشن کرنے پر عائد کی گئی پابندیاں اٹھالیں۔

امریکی صدر کی جانب سے یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہےجب روس اورترکی نے کرد جنگجوؤں کے خلاف شام کے شمال مشرقی سرحدی علاقے میں جاری آپریشن میں جنگ ​​بندی میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ ترکی کی جانب سے کرد ملیشیاء کے خلاف آپریشن ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے شام میں تعینات امریکی فوجیوں کو نکالنے کے غیر متوقع فیصلے کے بعد شروع کیاگیا تھا۔

وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ترکی پر عائد پابندیاں اس وقت تک اٹھالی گئی ہیں جب تک ان کی جانب سے دوبارہ ایسا کچھ نہیں کیا جاتا جس سے امریکہ کو خوشی نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ ترکی کی جانب سے امریکہ کو یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ وہ شام کے سرحدی علاقے میں جاری آپریشن کو ختم کردے گا اور امریکہ اور ترکی کے درمیان ہونے والے جنگ بندی کے معاہدے کو مستقل کردے گا۔

واضح رہے کہ امریکہ نے 14 ستمبر کو ترکی پر پابندیاں کرد جنگجوؤں کے خلاف آپریشن کرنے پر عائد کی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں