خار (ڈیلی اردو) خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند میں جے یو آئی ف کے رہنما مفتی سلطان محمد قاتلانہ حملے میں زخمی ہو گئے۔
ڈی پی او پیر شہاب علی شاہ نے فائرنگ کے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ بدان میں برکلی مسجد کے قریب پیش آیا۔
ذرائع کے مطابق مفتی سلطان محمد علی الصبح نماز فجر کیلئے مسجد جارہے تھے کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔
پیر شہاب علی شاہ نے بتایا کہ مفتی سلطان محمد کو 3 گولیاں لگی ہیں اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
دوسری جانب مفتی سلطان محمد کو علاج کیلئے خار ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ بعد ازاں پاک فوج کے ہیلی کاپٹر سے مفتی سلطان محمد کو سی ایم ایچ پشاور منتقل کردیا گیا۔