آزادی مارچ: انسانوں کا سیلاب ایوانوں کے کچرے کو اپنے ساتھ بہا کر لے جائے گا، مولانا فضل الرحمٰن

سکھر (ویب ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ انسانوں کا سیلاب ایوانوں کے کچرے کو اپنے ساتھ بہا کرلے جائے گا۔

سکھر میں آزادی مارچ کے دوسرے مرحلے پر ملتان روانگی سے قبل اپنے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سب جانتے ہیں حکمرانوں نے کشمیر کا سودا کرلیا ہے، انہوں نے کشمیر کا مسئلہ گمبھیر کر دیا ہے۔ یہ پاکستان کی نمائندہ حکومت نہیں ہے، جبر کی بنیاد پر عوام پر حکومت نہیں کی جا سکتی، تمام سیاسی جماعتیں ملک پر جبر محسوس کر رہی ہیں، ملک کی معیشت تباہ ہو چکی ہے اور یہ ملک کے لیے خطرہ بن چکے ہیں۔ حکمران ملک کی کشتی کوڈبورہے ہیں جسے عوام کو بچانا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان کے وجود اور آئین کو خطرہ ہے، آئین پاکستان کو دیباچہ اور بچوں کا کھیل بنا دیا گیا ہے، ہم آئین ،جمہوریت اور اسلام کےلیے نکلے ہیں، ہم ملک میں جمہوریت کو مستحکم کرنا چاہتے ہیں، ہم پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں، سیاسی جنگ کا طبل جنگ بج چکا ہے، ہمیں سیاسی جنگ لڑنی ہے، عوام اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے تاکہ قوم کو ظالموں سے نجات مل سکے، آج انسانوں کا سیلاب اسلام آباد کی طرف جا رہا ہے، یہ طوفان ایوانوں کے کچرے کو اپنے ساتھ بہا کر لے جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں