چیف سیکرٹری کے بعد آئی جی پنجاب بھی تبدیل، عارف نواز کی جگہ شعیب دستگیر کو عہدہ سونپ دیا گیا

لاہور (ڈیلی اردو) پنجاب کی بیورو کریسی میں تقرر و تبادلے کا سلسلہ تھم نہ سکا، چند مہنیوں میں چار بار آئی جی پولیس کو تبدیل کر دیا گیا، شعیب دستگیر کو پنجاب پولیس کی سربراہی مل گئی۔

پنجاب پولیس کا سربراہ پھر تبدیل ہوگیا، آئی جی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز کو فارغ کردیا گیا، ان کی جگہ شعیب دستگیر کو نیا آئی جی پنجاب مقرر کردیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی جی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز کو عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ شعیب دستگیر کو پنجاب پولیس کا نیا سربراہ تعینات کر دیا گیا ہے۔ شعیب دستگیر کو پنجاب پولیس کا نیا آئی جی تعینات کرنے کا باقاعدہ نوٹیفیکشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب پنجاب کے چیف سیکرٹری کو بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت نے چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر کو تبدیل کر کے وفاقی سیکرٹری داخلہ میجر (ر) اعظم سلیمان خان کو چیف سیکرٹری پنجاب کے عہدے پر تعینات کر دیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر کو تبدیل کر کے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کے احکامات دئیے گئے ہیں جبکہ پاکستان ایڈ منسٹریٹو سروس کے گریڈ 22کے افسر وفاقی سیکرٹری داخلہ میجر (ر) اعظم سلیمان کو نیا چیف سیکرٹری پنجاب تعینات کر دیا گیا ہے جو ممکنہ طور پر بدھ کے روز اپنے عہدے کی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔

میجر (ر) اعظم سلیمان خان پنجاب میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، سیکرٹری آبپاشی، سیکرٹری خوراک، سیکرٹری داخلہ ،کمشنر لاہور ڈویژن اورایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم کے فرائض سر انجام دے چکے ہیں جبکہ نگراں دور حکومت میں انہیں چیف سیکرٹری سندھ تعینات کیا گیا تھا۔

موجودہ حکومت نے میجر(ر) اعظم سلیمان کو وفاقی سیکرٹری داخلہ تعینات کیا تھا اور انہیں اب پنجاب کے سب سے بڑے انتظامی عہدے پر تعیناتی دی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب کی تبدیلی کے بعد پنجاب میں جلد 11سیکرٹریز،17 ڈپٹی کمشنرز اور دیگر افسران کے بھی تقرر و تبادلے کئے جانے کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں