شفاف الیکشن حتمی مطالبہ ہے اس پر کوئی مفاہمت نہیں ہوگی، اے پی سی کا مشترکہ اعلامیہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک) جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ شفاف الیکشن حتمی مطالبہ ہے اس پر کوئی مفاہمت نہیں ہوگی۔

آل پارٹیز کانفرنس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے جے یو آئی اے کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ سیاسی اورآئینی بحران کا حل موجودہ حکومت کا خاتمہ ہے، شفاف الیکشن حتمی مطالبہ ہے اس پر کوئی مفاہمت نہیں ہوگی، تمام اپوزیشن جماعتوں نے قرار دیا مسائل کا حل انتخابات میں ہے اور سلیکٹیڈ وزیراعظم قبول نہیں۔

مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ تمام اداروں کو اپنے آئینی دائرہ کار میں رہ کر کام کرنا ہوگا، اداروں کا دائرہ اختیار سے تجاوز کرنا قبول نہیں، فارن فنڈنگ کیس کاجلد ازجلد فیصلے کا مطالبہ ہے، جب کہ چار نکاتی ایجنڈے کی تکمیل تک جدوجہد جاری رہے گی۔

اس سے قبل جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی زیر صدارت 9 اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں فرحت اللہ بابر، نئیر بخاری، مصطفی کھوکھر، یوسف رضا گیلانی، شیری رحمان، راجہ پرویز اشرف کا وفد شریک تھا۔

ن لیگ کے رہنما احسن اقبال، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی، قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب خان شیرپاؤ، اے این پی کے رہنما امیر حیدر خان ہوتی، نیشنل پارٹی کے رہنما سینیٹر حاصل بزنجو اور جے یو پی کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان انس نورانی بھی اجلاس میں شریک تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں