نوازشریف کی تضحیک کی جارہی ہے، ہمیں رحم کی بھیک نہیں چاہیے: مریم نواز

لاہور (ڈیلی اردو) سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہناہے کہ نوازشریف کی تضحیک کی جارہی ہے اور حکومت سے نہ کبھی علاج کی درخواست کی نہ کریں گے لہٰذا ہمیں رحم کی بھیک نہیں چاہیے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو ایک ہسپتال سے دوسرے ہسپتال لے جایا جارہا ہے،اس شخص کی صحت سے کھلواڑ کیا جارہا ہے جو 3مرتبہ وزیراعظم رہ چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے میڈیکل بورڈ حکومت نے خود بنائے، میڈیکل بورڈ میں ہماری طرف سے کوئی شامل نہیں تھا۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں مریم نواز نے مزید کہا کہ ’ایک کے بعد دوسرا بورڈ اور ایک اسپتال کے بعد دوسرا اسپتال، پہلے پی آئی سی، پھر جیل، پھر سروسز اسپتال، جہاں امراض قلب کا شعبہ ہے ہی نہیں، اب پھر پی آئی سی لے جانے کی کوشش، میاں صاحب نے انکار کر دیا اور کہا کہ میں نہ خانہ بدوش ہوں نہ تضحیک کا نشانہ بننے کو تیار ہوں، مجھے واپس جیل لے جایا جائے‘۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت کا جائزہ لینے کے لیے بنائے گئے خصوصی میڈیکل بورڈ نے انہیں صحت کے سنگین مسائل لاحق ہونے کا انکشاف کیا تھا جبکہ انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنے کی تجویز دی تھی۔

اس سے قبل جناح ہسپتال کے میڈیکل بورڈ نے بھی نواز شریف کو مکمل صحت یاب نہ قرار دے کر ہسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں