نیب کا شہباز شریف اور ان کے صاحبزادوں کے تمام اثاثے منجمد کرنے کا حکم

لاہور (ڈیلی اردو) نیب لاہور نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے صاحبزادوں کے تمام اثاثے منجمد کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

نیب کے نوٹیفیکیشن کے مطابق ملزم شہباز شریف، حمزہ شہباز، سلیمان شہباز اور نصرت شہباز کے خلاف ایسے ناقابل تردید ثبوت ملے ہیں جو براہ راست کرپشن سے متعلق ہیں۔

لہذا سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے اربوں روپے مالیت کے لاہور سمیت پنجاب بھر میں تمام اثاثے منجمد کرنے کے احکامات ایل ڈی اے کشمنر سمیت دیگر اداروں کو جاری کردیے گئے ہیں۔

نیب ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کے تمام اثاثے منجمد کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں، منجمد کیے جانے والے اثاثوں میں لاہور کی 96 ایچ اور 86 ایچ ماڈل ٹاؤن لاہور کی پراپرٹی سمیت خیبر پختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد کے ڈانگہ گلی میں 9 کنال کا پلاٹ اور ہرہ پور میں 2 پراپرٹیاں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ جوہر ٹاؤن لاہور میں 13 پراپرٹیاں، ضلع چنیوٹ میں 2 پراپرٹیاں اور ڈیفنس فیز 5 لاہور میں پلاٹ بھی شامل ہیں۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ پندرہ روز کے اندراحتساب عدالت کے جج کو جائیداد منجمد کرنے کی درخواست دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں