عراق: کرکوک سے ابوبکر البغدادی کا نائب گرفتار

بغداد (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) عراقی پولیس نے داعش کے لیڈر ابو خلدون کو کرکوک سے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

عراق کے سکیورٹی حکام نے عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کے ہلاک سربراہ ابوبکر البغدادی کے ڈپٹی چیف کی گرفتاری کا اعلان کیا ہے۔ عراقی پولیس نے منگل کے روز شمالی صوبہ کرکوک میں ایک کارروائی میں ابو خلدون نامی اس جنگجو کو گرفتار کیا ہے۔

عراقی سکیورٹی میڈیا سیل نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اس گرفتار شخص کی تصاویر جاری کی ہیں اور کہا ہے کہ یہ انتہا پسند لیڈر جعلی شناختی کارڈ کے ساتھ پکڑا گیا ہے۔

اس نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ ’’صوبہ کرکوک میں حویجہ پولیس کے ایک یونٹ نے ’ابو خلدون نامی دہشت گرد کو یکم مارچ کے علاقے میں واقع ایک اپارٹمنٹ سے پکڑا ہے۔ اس کے پاس شعلان عبید کے نام سے ایک جعلی شناختی کارڈ برآمد ہوا ہے۔ یہ جرائم پیشہ، ابوبکر البغدادی کے نائب کے طور پر کام کرتا رہا تھا۔ ماضی میں وہ صوبہ صلاح الدین میں خودساختہ ”فوجی شہزادہ” رہا تھا۔‘‘

داعش کے سربراہ ابوبکرالبغدادی شام کے شمال مغربی صوبہ ادلب میں اکتوبر میں امریکا کی خصوصی فورسز کی ایک کارروائی میں مارے گئے تھے۔ وہ 2014ء سے داعش کی قیادت کررہے تھے۔اس جنگجو گروپ نے اس سال چند ایک ماہ کے دوران میں عراق اور شام کے ایک بڑے علاقے پر قبضہ کرلیا تھا اور وہاں ”خلافت” کے نام سے اپنی عمل داری قائم کرلی تھی۔

داعش نے شام میں امریکی فوج کی اس کارروائی کے چند روز بعد ایک بیان میں ابوبکر بغدادی کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ ان کی جگہ ابو ابراہیم الہاشمی القریشی کو تنظیم کا نیا امیر مقرر کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں