ڈی آئی خان (توقیر حسین زیدی) غیرت کے نام پر خالہ زاد پریمی جوڑے کو گولیوں سے بھون دیا گیا، مکان سے دونوں کی لاشیں برآمد، اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ مقتولیں کی لاشیں پوسٹمارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کردی گئیں ،ایس ایچ او تھانہ صدر کی مدعیت میں دوہرے قتل کا مقدمہ درج کرکے واقعہ کی چھان بین شروع کردی گئی۔ تھانہ صدر کی حدود علاقہ لکھرا کے قریب واقعہ بھٹہ خشت ملک منیر پر رہائش پزیر پریمی جوڑے کو نامعلوم مسلح ملزمان نے رات کے وقت ان کے
کوارٹر میں گھس کر اندھادھند فائرنگ کرکے قتل کردیا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع پر پولیس فوری موقع پر پہنچ گئی اور دونوں لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پوسٹمارٹم کے بعد لاشیں لواحقین کے حوالے دی گئیں۔
ذرائع کے مطابق اٹھارہ سالہ نور ولی ولد خورشید عالم قوم وزیر سکنہ زروام خوبہ خیل درژوبہ بنوں اپنی خالہ زاد بہن سولہ سالہ (م بی بی ) کو بھگا کر ڈیرہ اپنے ماموں کے پاس بھٹہ خشت ملک منیر پر لے آیا اور وہاں علیحدہ کوارٹر میں گزشتہ ایک ماہ سے رہائش پزیر تھا۔ سنیچر اور اتوار کی درمیان شب نامعلوم مسلح ملزمان ان کے کوارٹر میں داخل ہوئے اور اندھادھند فائرنگ کرکے دونوں کو موت کے گھاٹ اتاردیا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، واقعہ کی اطلاع پر پولیس فوری موقع پر پہنچ گئی اور ددنوں کی لاشیں ہسپتال منتقل کی گئیں جہاں پوسٹمارٹم کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق مقتولہ (م بی بی) کی پہلے بھی شادی ہوچکی تھی۔
پولیس نے ایس ایچ او تھانہ صدر کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کامقدمہ درج کرکے ان کے ماموں کو بھی شامل تفتیش کر لیا جس سے مزید چھان بین شروع کردی ہے۔