‏بھارتی دہشتگرد کلبھوشن نے پاکستان میں تخریب کاری کا اعتراف کیا، شاہ محمود قریشی

مانچسٹر (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی دہشتگرد کلبھوشن نے پاکستان میں تخریب کاری کا اعتراف کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے دورہ پر مانچسٹر میں موجود وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی دہشتگرد کلبھوشن نے پاکستان میں تخریب کاری کا اعتراف کیا، کلبھوشن کا مقدمہ عالمی عدالت انصاف میں ہے لہٰذا پاکستانی ٹیم کلبھوشن کیس میں 19 فروری کو شواہد پیش کرے گی۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ برطانیہ کے دورے کا مقصد مسئلہ کشمیر اجاگر کرنا تھا تاہم پاکستان نے برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر پر آواز بلند کی اور برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے بھی پاکستانی موقف کی تائیدکی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیرمیں بین الاقوامی مبصرین اورصحافیوں کوخوش آمدید کہیں گے، مسئلہ کشمیرپرسابق حکومت کارویہ معذرت خواہانہ تھا جب کہ پاکستان بھارت سے مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کیلیے ہمیشہ سے تیار ہے۔

افغان امن کے حوالے سے سوال پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان افغان امن عمل کااہم کردار ہے اور پاکستان پرامن افغانستان کے لیے کوشاں ہے،

انہوں نے کہا کہ پرامن اورترقی یافتہ افغانستان ہمارے مفاد میں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم افغان مہاجرین کی باعزت طریقے سے واپسی چاہتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہے، میں افغان صدر اشرف غنی سے تین ملاقاتوں میں واضح طور پر دوستی اور تعاون کا پیغام دے چکا ہوں۔

شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ افغان حکومت کو اپنے اندرونی مسائل پر توجہ دینا چاہیے، پاکستان کا کردار نہ ہوتا تو امریکی صدر افغان طالبان سے امن مذاکرات آگے بڑھانے کے لیے درخواست نہ کرتے، امریکا امن عمل میں پیش رفت پر پاکستان کے کردار کا معترف ہے۔

Facebook Notice for EU! You need to login to view and post FB Comments!

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں