راولپنڈی: سابق صدر آصف علی زرداری اڈیالہ جیل سے ضمانت پر رہا

راولپنڈی (ڈیلی اردو) سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو ضمانت پر رہا کردیا گیا، اسلام آباد ہائی کورٹ نے گزشتہ روز ایک کروڑ کے مچلکے کے عوض پارک لین اور میگا منی لانڈرنگ کیسز میں آصف زرداری کی ضمانت منظورکی تھی تاہم دستاویزات تیار کرنے میں تاخیر کی وجہ سے ان کی رہائی ممکن نہیں ہوسکی تھی۔

آصف زرداری کے وکلا نے جمعرات کو احتساب عدالت میں ضمانتی دستاویزات جمع کرا دیئے، آصف زرداری کی الگ الگ روبکاریں جاری کر دی گئیں، دوران سماعت احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے ضامن سے استفسار کیا کہ آپ کو معلوم ہے نا کہ آپ کس کے ضامن بن رہے ہیں، جس پر ضامنوں نے جواب دیا کہ ہمیں معلوم ہے، توقیر خان اور رب نواز سابق صدر کے ضامن بنے۔

ضمانتی مچلکے جمع کروانے کے بعد سابق صدر کی رہائی کیلئے روبکاریں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بھی بھجوا دی گئیں، روبکار جیل حکام کو پہنچانے کے بعد آصف زرداری کو رہا کردیا گیا۔ واضح رہے کہ آصف زرداری منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز میں 6 ماہ اور 2 دن زیرحراست رہے۔ پمز میں زیر علاج ہیں جس کو سب جیل قرار دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں