سرگودھا: جیالے نے شیخ رشید پر انڈوں کی بارش کردی

سرگودھا (نمائندہ ڈیلی اردو) سرگودھا میں پیپلز پارٹی کے جیالے نے وفاقی وزیر  ریلوے شیخ رشید پر انڈوں کی بارش کر دی۔

تفصیلات کے مطابق خصوصی ٹرین میں سوار شیخ رشید احمد جب سرگودھا سٹیشن پہنچے تو ان کی بوگی پر انڈوں  کی بارش کر دی گئی۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انڈے پھینکنے والے ملزم کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

ذرائع کے مطابق خوش قسمتی سے شیخ  رشید کو کوئی انڈا نہیں لگ سکا۔ ذرائع کے مطابق انڈے پھینکنے والے شخص کا تعلق پاکستان پیپلزپارٹی سے ہے اور وہ پی ایس ایف کا سینئر نائب صدر پنجاب ہے۔ اس شخص کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کی آصف علی زرداری پر تنقید سے ناخوش تھا۔

ملزم کی شناخت کامران نثار وڑائچ کے نام سے ہوئی ہے۔ ریلوے پولیس نے کامران نثار وڑائچ نامی شخص کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کیا لیکن کچھ دیر بعد وزیر ریلوے شیخ رشید کے حکم پر اسے رہا کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق شیخ رشید کی ٹرین پر انڈے مارنے والے شہری نے شیخ رشید کے خلاف نعرے بازی بھی کی تھی۔

سٹیشن پر بدمزگی کی وجہ سے شیخ  رشید احمد ٹرین سے باہر نہیں آئے اور سٹیشن کا معائنہ کیے بغیر واپس چلے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں