پشاور: اے پی ایس شہداء سے یوم یکجہتی منانے اور یادگار تقریب منعقد کرنے کے احکامات جاری

پشاور (ڈیلی اردو) مشیر تعلیم خیبر پختونخوا ضیاء اللہ خان بنگش کی ہدایت پر محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے صوبے کے تمام سکولوں میں اے پی ایس پشاور کی پانچویں برسی کے موقع پر آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء سے یوم یکجہتی منانے اور یادگار تقریب منعقد کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ اس سلسلے میں تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کو اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے

اعلامیے کے مطابق صوبے کے تمام سکولوں میں آرمی پبلک سکول پشاور 16 دسمبر 2014 سانحہ کے شہداء کی یاد میں تقریب کا انعقاد کیا جائیگا ڈی ای اوزکو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ 16 دسمبر کو شہید طلباء کے نام اور تصاویر سکول کے مین گیٹ پر لگائی جائیں، مارننگ اسمبلی میں شہداء کیلئے سپشل دعا کی جائے، جس میں شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی جائے۔

مشیر تعلیم ضیاء اللہ بنگش نے اپنے پیغام میں کہاکہ پوری قوم آرمی پبلک سکول کے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے، دہشتگردوں نے سکول پر حملہ کر کے علم کی شمع بجھانا چاہی لیکن قوم کے حوصلے پست نہیں ہوئے، آرمی پبلک سکول کے شہدا ہمارے ہیرو ہیں، نوعمر بچوں کی لازوال قربانیوں نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے ہیں، دلخراش واقعہ کے بعد پوری قوم اور ادارے دہشتگردی کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے متحد ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں