طرابلس: لیبی فوج نے ترکی کا جنگی ڈرون طیارہ مار گرایا

طرابلس (ڈیلی اردو) لیبیا کی قومی فوج کی طرف سے جاری ایک بیان میں طرابلس کے قریب ترکی کا ایک فوجی ڈرون طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

العربیہ کے مطابق لیبی فوج کے حامی سوشل میڈیا صفحات پر گردش کرنے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ترکی ایک ڈرون طیارہ عین زارہ کے مقام پر مار گرایا گیا۔

ادھر لیبی فوج کے ترجمان سمجھے جانے والے ایک ٹی وی چینل نے کہا ہے کہ جنرل خلیفہ حفتر کی وفادار فوج تیزی کے ساتھ دارالحکومت طرابلس کی طرف بڑھ رہی ہے۔ ٹی وی چینل کاکہنا ہے کہ طرابلس کا گھیرائو کرلیا گیا ہے اور فوج تیزی کے ساتھ پیش قدمی کررہی ہے۔

ادھر لیبیا کی قومی وفاق حکومت کے ذرائع ابلاغ کے مطابق عین زارہ کے اور طرابلس میں کئی دوسرے مقامات پر شدید جھڑپیں جاری ہیں۔

قبل ازیں لیبی فوج نے طرابلس کے حمزہ کیمپ پر قبضے کا دعویٰ کیا ہے۔ یہ کیمپ دارالحکومت کے جنوب میں واقع ہے۔ جنرل خلیفہ حفتر کی فوج کا کہنا ہے کہ وہ اس نے الزھراء پل، الناصریہ، الھریسہ کارخانہ اور کئی دوسرے مقامات کا کنٹرول بھی سنھبال لیا ہے اور ان علاقوں سے قومی وفاق حکومت کی ملیشیا فرار ہوگئی ہیں۔

طرابلس میں موجود العربیہ کے نامہ نگار کے مطابق جنوبی طرابلس میں المطبات کے مقام پر قومی وفاق حکومت اور خلیفہ حفتر کی فوج کے درمیان گھمسان کی جنگ جاری ہے۔

جمعہ کے روز قومی وفاق حکومت کے سربراہ فائز السراج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنرل حفتر کی طرف سے دارالحکومت طرابلس پر چڑھائی کے دعوے بے بنیاد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری فوج کسی بھی قسم کی جارحیت سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں