خیبر پختونخوا: لوئر دیر میں پولیو ٹیم پر فائرنگ، سیکیورٹی پر مامور 2 پولیس اہلکار شہید

اسلام آباد (ش ح ط) خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر دیر میں انسداد پولیو ٹیم کی حفاظت پر تعینات دو پولیس اہلکار دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہوگئے۔

تھانہ لعل قلعہ پولیس کے مطابق آج صبح پولیس اہلکار فرمان اللہ اور سپیشل برانچ پولیس اہلکار مکرم پولیوں ٹیم کی سیکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دینے کیلئے جا رہے تھے کہ لویر دیر کے تھانہ لعل قلعہ کے حدود واقع گاوں مرخنئی کے پل کے قریب پہلے سے تاک میں بیٹھے نامعلوم دشت گردوں نے اندادھند فائرنگ کر دی جس سے دونوں پولیس اہلکار موقع پر دم توڑ گئے۔

واقعہ کے فورا بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شہید ہونے والے اہلکاروں کی لاشوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا۔ تاہم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے علاقہ کو گھیرے میں لیکر سرچ اپریشن شروع کر دیا۔

دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے ضلع دیر خیبرپختونخوا میں دو پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

تحریک طالبان پاکستان کی آفیشل میڈیا ویب سائٹ سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے آج صبح خیبرپختونخوا کے ضلع دیر کی تحصیل کمبڑ میں لال قلعے کی حدود مرخنئی پل پر دو پولیس اہلکاروں کو ہلاک کرنے کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے فائرنگ کے بعد اہلکاروں کا اسلحہ اور دیگر سامان بھی قبضے میں لیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں مختلف دورانیے کی قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز پیر سے ہوا ہے۔ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں تین روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے بالترتیب 67 لاکھ اور 25 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں