لٹیروں کو این آر او دینے کا مطلب ملک سے غداری ہوگا: وزیراعظم عمران خان

ہیڈ بلوکی (ڈیلی اردو) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ این آر او دینا اس ملک سے غداری ہوگا، 2 این آر او نے پاکستان کو تاریخی نقصان پہنچایا، این آر او کا مطلب مجرموں کو معاف کر دینا ہے، سرے محل کیس میں قوم کے 2 ارب روپے برباد کئے گئے۔

شجرکاری مہم کی تقریب سے وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا این آر او کا مطلب مجرموں کو معاف کر دینا ہے، ایک این آر او جنرل مشرف نے نواز شریف کو دیا، نواز شریف کو این آر او دے کر کیس روکا اور بیرون ملک جانے دیا، این آر او دینے سے تاثر ہوا طاقتور چور کو پاکستان میں نہیں پکڑا جاتا۔

انہوں نے کہا اتنے اتنے تاریخی خسارے چھوڑیں گے تو قیمت عوام ادا کریگی، وہ کس منہ سے کہتے ہیں 5 ماہ میں پی ٹی آئی نے ٹھیک نہیں کیا، اب کسی کرپٹ آدمی کو رعایت نہیں دی جائے گی، 6 ہزار سے 30 ہزار ارب روپے قرض کر دیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں جنگلات بہت کم ہیں، میانوالی کا جنگل ختم کر دیا گیا، قبضے ختم کرا کر زمینوں پر جنگلات اگائیں گے۔

انہوں نے کہا ماحولیاتی تبدیلی سے مقابلے کیلئے درخت لگانا ضروری ہے، درجہ حرارت بڑھنے سے گلیشیئر پگھلنا شروع ہوگئے ہیں، افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ پنجاب کے جنگلات کو تباہ ہوتے دیکھا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک میں 8 ویں نمبر پر ہے، دنیا میں سب سے زیادہ آلودگی لاہور اور نئی دلی میں ہے، 10 ارب درخت آئندہ 5 سال میں لگائیں گے، خیبرپختونخوا میں ایک ارب 18 کروڑ درخت لگائے، ماضی میں حکمرانوں نے قبضہ گروپوں سے ملکر زمینیں ہتھیائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں