ہمارے فوجی اڈے کسی پڑوسی ملک کیخلاف استعمال نہیں ہوئے: کویت

قطر (ڈیلی اردو) کویت نے واضح طور پر کہا ہے کہ اس کے فوجی اڈے کسی پڑوسی ملک کے خلاف استعمال نہیں کیے گئے اور اس حوالے سے تمام افواہیں بے بنیادی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کویت کی مسلح افواج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بعض ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں جن میں کہا گیا ہے کہ عراق کے فوجی اڈوں کو پڑوسی ملکوں کے خلاف حملوں کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ تازہ پیش رفت میں متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کشیدگی کم کرنے کے لیے خطے کے ممالک کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرنے کی کوشش کریں۔

مسلح افواج کی طرف سے شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ غیرمصدقہ اور جعلی خبروں پر اعتبار نہ کریں۔ ذرائع ابلاغ جعلی خبروں اور افواہوں کی اشاعت سے گریز کریں۔

درایں اثناء کویت حکومت کے ترجمان طارق المزرم نے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ کویت کے وزیر اعظم الشیخ صباح الخالد الحمد الصباح کی زیرصدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا گیا۔

کویت نیوز ایجنسی کے مطابق اجلاس کے دوران خطے کی تازہ ترین صورت حال اور کویت کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اس اجلاس میں خطے کی موجودہ صورت حال، تنائو میں کمی لانے اور کویت کی طرف سے خطے کی صورت حال میں کردار ادا کرنے پرغور کیا گیا۔

اجلاس میں نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع شیخ احمد منصور آل احمد الصباح، نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ اور وزیر مملکت برائے کابینہ امور انس الصالح ، وزیر برائے امور خارجہ الشیخ ڈاکٹر احمد ناصر آل محمد الصباح اور نائب وزیر خارجہ خالد الجاراللہ اور اعلیٰ فوجی حکام نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں