کوئٹہ: غوث آباد مسجد دھماکا خودکش حملہ قرار

کوئٹہ (نیوز ڈیسک) بم ڈسپوزل اسکواڈ نے غوث آباد کی مسجد میں ہونے والا دھماکا خودکش حملہ قرار دے دیا۔

گزشتہ روز سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقے غوث آباد کے مدرسہ دارلعلوم الشرعیہ میں نماز مغرب کی ادائیگی کے دوران زور دار دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی امان اللہ سمیت 15 افراد شہید اور 40 زخمی ہوئے تھے۔

حملے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کی جارہی تھیں جبکہ صوبائی وزیر داخلہ ضیاء لانگو نے امکان ظاہر کیا تھا کہ مسجد میں حملہ خودکش بھی ہوسکتا ہے۔

تاہم اب بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) نے غوث آباد مسجد دھماکے کو خودکش قرار دیا ہے۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں 6 سے 8 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا جبکہ مبینہ خودکش حملہ آور کے جسمانی اعضاء بھی جمع کرلیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ 7 جنوری کو بھی کوئٹہ کے میکانگی روڈ پر فرنٹیئر کور کی گاڑی کے قریب دھماکے میں 2 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

دھماکے میں ایف سی کی گاڑی کو رش والے علاقے میں نشانہ بنایا گیا اور دھماکے کی جگہ بارودی مواد نصب کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں