ترقی کی بنیاد صرف بہتر طرز حکمرانی ہے، پاکستان کو بہت اوپر لیکر جاناچاہتا ہوں: وزیراعظم

دبئی ( ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ترقی کی بنیاد صرف بہتر طرز حکمرانی ہے اور حکومت شفاف ہوئی تو ملک تیزی سے ترقی کرے گا۔

دبئی میں ورلڈ گورنمنٹ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ اسلامی دنیا میں بھی اس طرح کی کانفرنس ہورہی ہے، 60 کی دہائی میں پاکستان تیزی سے ترقی کررہا تھا اور یو اے ای کی ایئرلائن کو پی آئی اے نے معاونت فراہم کی لیکن بدقسمتی سے پاکستان ترقی کی رفتار برقرار نہیں رکھ سکا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کانفرنس کے شرکاء کو بتانا چاہتا ہوں کہ کرکٹ سے سیاست میں کیسے آیا، یہ بھی بتانا چاہتا ہوں کہ میں پاکستان کے لیے کیا چاہتا ہوں، میری والدہ کا انتقال کینسر کے باعث ہوا تو احساس ہوا پاکستان میں کینسرکا کوئی اسپتال نہیں، کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد اسپتال بنانے پرتوجہ دی جب کہ ہم خیرات میں بہت آگے اور ٹیکس دینے میں بہت پیچھے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ جب لوگ اتنے اچھے ہیں توٹیکس کیوں اد انہیں کرتے کیوں کہ ماضی میں ٹیکس حکمرانوں کی عیاشیوں پرخرچ ہوتے رہے اور اسی لیے لوگ ماضی کی حکومتوں پراعتماد نہیں کرتے تھے اور ٹیکس نہیں دیتے تھے ، کرپشن سے ٹیکس کا پیسا چوری ہوتا ہے اس لیے اصلاحات مشکل ہیں مگر ضروری ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ترقی کی بنیاد صرف بہتر طرز حکمرانی ہے، حکومت شفاف ہوئی تو ملک تیزی سے ترقی کرے گا، معاشی اصلاحات سے سرمایہ کار پاکستان کا رخ کررہے ہیں لہذا دیگر سرمایہ کار بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کا یہ موقع ضائع نہ کریں اور پاکستان میں سیاحت کے سب سے زیادہ مواقع ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے پاکستان سے تعاون کو سراہتے ہیں اور ہم مالیاتی خسارہ کم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں