مشرق وسطیٰ امن منصوبے کے اعلان کیخلاف فلسطین میں دوسرے روز بھی احتجاج، 100 زخمی

غزہ (ڈیلی اردو) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشرق وسطیٰ امن منصوبے کے اعلان کے خلاف فلسطین میں احتجاج دوسرے روز بھی جاری ہے۔

قابض فوج نے فائرنگ کر کے ایک سو سے زائد مظاہرین کو زخمی اور گرفتار کرلیا۔

غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق غزہ، رام اللہ اور دیگر فلسطینی علاقوں میں ہزاروں فلسطینیوں نے دوسرے روز بھی امریکی صدر کے مشرق وسطیٰ امن منصوبے کے خلاف احتجاج جاری رکھا۔

مظاہرین نے ڈونلڈ ٹرمپ اور نیتن یاہو کے خلاف نعرے لگائے اور ڈونلڈ ٹرمپ و نتین یاہو کے امن منصوبے کو مسترد کردیا۔

صیہونی فوج نے فائرنگ اور شیلنگ کر کے ایک سو سے زائد مظاہرین کو زخمی اور گرفتار کرلیا۔ فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس اور حماس و دیگر فلسطینی تنطیموں نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس برائے فروخت نہیں۔

حماس کا کہنا ہے کہ محمود عباس سے مشورے کے بعد لائحہ عمل طیار کیا جائے گا۔

امریکی صدر کے مشرق وسطیٰ امن منصوبے کے تحت اسرائیل آزاد ریاست ہوگا اور مقبوضہ بیت المقدس اس کا دارالحکومت ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں