پی ٹی ایم سربراہ منظور پشتین کی دو مقدمات میں ضمانت منظور

ڈیرہ اسماعیل خان (بیورو رپورٹ) ریاست مخالف سرگرمیوں اور سیکورٹی اداروں کے خلاف سخت زبان استعمال کرنے کے الزام میں گرفتار پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کا سربراہ منظور احمد پشتین دو مقدمات میں عدالت سے ضمانت پر رہائی پانے میں کامیاب، تیسرے مقدمہ میں درخواست ضمانت پر سماعت جاری، ایڈیشنل سیشن جج IV ڈیرہ اسماعیل خان شاکر اللہ خان نے ریاست مخالف سرگرمیوں اور سیکورٹی اداروں کے خلاف سخت زبان استعمال کرنے پر تھانہ سٹی اور تھانہ صدر میں درج دو مختلف مقدمات میں گرفتار پی ٹی اہم سربراہ منظور پشتین کی ضمانت پر رہائی کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے اسے ایک ایک لاکھ روپے فی کس دو نفری ضمانت پر رہا کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔ ملزم کی جانب سے اسد عزیز ایڈوکیٹ اور اختر سعید ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، پی ٹی ایم کے سربراہ منظور احمد پشین کے خلاف ڈیرہ اسماعیل خان میں جلسوں اور ریلیوں کے دوران ریاست مخالف تقاریر، سیکورٹی اداروں کے خلاف سخت زبان استعمال کرنے اور نفرت انگیز نعرہ بازی اور عوام میں اشتعال انگیزی پیدا کرنے کے الزام میں تھانہ سٹی، کینٹ اور صدر میں تین مختلف مقدمات درج کیے گئے۔

ڈیرہ پولیس کو مطلوب ہونے پر گزشتہ ہفتے منظور پشتین کے پشاور میں گرفتار ہونے پر سنٹرل جیل ڈیرہ منتقل کیا گیا، ملزم کے وکیل کی جانب سے تینوں مقدمات میں اس کی ضمانت پر رہائی کی الگ الگ درخواستیں دائر کی گئیں ان میں سے تھانہ سٹی اور صدر کے دو مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر جمعہ کو سماعت مکمل کر کے عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔ گزشتہ روز عدالت نے دونوں مقدمات میں اسکی ضمانت پر رہائی کا فیصلہ جاری کرتے ہوئے اسے فی کس ایک ایک لاکھ روپے دو نفری ضمانت پر رہائی کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔

واضح رہے کہ منظور پشتین کے خلاف ڈیرہ اسماعیل خان کے تھانہ سٹی، کینٹ اور صدر میں درج تین مقدمات کے علاوہ، جنوبی وزیرستان، شمالی وزیرستان، پشاور، مردان، سوات، بنوں، ٹانک اور صوبہ بلوچستان کے مختلف تھانوں میں 15 مقدمات درج کیے گئے ہیں جن میں وہ پولیس کو مطلوب ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں