ایران کیساتھ باہمی تعلقات اور تجارت کو فروغ دینا چاہتے ہیں، وزیراعلیٰ جام کمال

کوئٹہ (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان عظیم سیاسی، ثقافتی اور معاشی تعلقات ہیں اور ہمسایہ ہونے کے ساتھ ساتھ ہمارے درمیان دین اسلام کا مضبوط رشتہ بھی ہے ، ہرمشکل وقت میں دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیاہے ، ایران پہلا ملک تھا جس نے پاکستان کو تسلیم کیا، جس کی پوری پاکستانی قوم دل سے قدر کرتی ہے۔

گذشتہ صدی کے آئینہ میں براعظم ایشیا کی تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ اس تمام عرصہ میں انقلاب ایران ایک تاریخی اہمیت رکھتا ہے، سید آیت اللہ روح اللہ خمینی وہ تاریخ ساز نام ہے جس نے انقلاب کی جنگ استقامت کے ساتھ لڑی اور ایرانی قوم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کی انقلاب ایران کی چالیسویں سالگرہ کے موقع پر ایرانی قونصلیٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، کوئٹہ میں متعین ایرانی قونصل جنرل محمد رفیعی، پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر حاجی علی مدد جتک، بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر عبدالولی کاکڑ، متحدہ مجلس عمل بلوچستان کے صدر مولانا نور اللہ، مرکزی جامع مسجد کے خطیب مولانا انوار الحق حقانی، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ کے صدر جمعہ خان بادیزئی سمیت سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں وکلاء ، علماء ودیگر بھی موجود تھے۔

تقریب میں اسلامی جمہوریہ ایران کی 40 ویں سالگرہ کے موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان عظیم سیاسی، ثقافتی اور معاشی تعلقات ہیں اور ہمسایہ ہونے کے ساتھ ساتھ ہمارے درمیان دین اسلام کا مضبوط رشتہ بھی ہے ، ہرمشکل وقت میں دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیاہے ۔

ایران پہلا ملک تھا جس نے پاکستان کو تسلیم کیا، جس کی پوری پاکستانی قوم دل سے قدر کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ دونوں ممالک کی سیاسی قیادت ان تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مستحکم بنانے کے لئے پر عزم ہے اور باہمی تجارت کے ہدف کو پانچ ارب ڈالر تک لے جانا چاہتی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کی دنیا میں ملکوں کے درمیان تعلقات معیشت کی بنیاد پر دیکھے جاتے ہیں اور جن ممالک کے درمیان معاشی تعلقات بہتر ہوتے ہیں دنیا انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان معاشی تعلقات کو وسیع کرنے کی بے پناہ گنجائش موجود ہے جس میں سیستان بلوچستان اور بلوچستان اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان معاشی تعلقات کے فروغ سے دونوں ممالک بالخصوص سیستان بلوچستان اور بلوچستان کے عوام کو بہت فائدہ پہنچے گا اور ان کی معاشی حالت بہتر ہوگی ۔

وزیراعلیٰ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ آنے والا دور پاک ایران کے تعلقات کے فروغ اور دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی کا دور ہوگا اور وہ ایران کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا گو ہیں۔قبل ازیں وزیراعلء ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی اور قونصل جنرل ایران نے انقلاب ایران کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں