شہباز شریف کی 3 قائمہ کمیٹوں کی رکنیت ختم، نوٹیفیکشن جاری

اسلام آباد (ویب ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کی 3 قائمہ کمیٹوں کی رکنیت ختم کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی سیکٹریٹ نے اس کا باقاعدہ نوٹیفیکشن جاری کر دیا ہے۔ سپیکر اسد قیصر نے شہباز شریف کی درخواست پر ان کی رکنیت ختم کی ہے۔

دنیا نیوز کے مطابق شہباز شریف کی قائمہ کمیٹی برائے قانون انصاف، قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات ونشریات اور قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر کی رکنیت ختم کی گئی ہے۔

دوسری جانب خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے میاں شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی سے ہٹانے کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔ وزیر اطلاعات فواد چودھری متعدد مواقع پر میڈیا کے سامنے ان سے استعفے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔

اگرچہ ایسا کوئی اصول موجود نہیں جس کے تحت پی اے سی کی سربراہی صرف اپوزیشن جماعتوں کو ہی دی جائے گی لیکن یہ روایت ہے کہ حکومت کے مالی معاملات میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے یہ عہدہ اپوزیشن کو ہی دیا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ پی اے سی ایک اعلیٰ پارلیمانی فورم ہے جو حکومت کی آمدنی اور اخراجات کا آڈٹ کرتا ہے اور یہ پارلیمنٹ کی سب سے طاقتور اور اہم ترین کمیٹی تصور کی جاتی ہے۔ اس سے قبل اس کمیٹی میں صرف اراکینِ قومی اسمبلی شامل ہوتے تھے لیکن گزشتہ کچھ عرصے سے اراکینِ سینیٹ بھی اس کا حصہ بنائے جاتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ حکومت سمجھتی ہے کہ شہباز شریف پی اے سی کو اپنے خلاف کرپشن کے کیسز میں بطور ڈھال استعمال کر رہے ہیں۔ پی اے سی کے سربراہ کے طور پر ان کے فیصلے پی ٹی آئی اور دیگر اتحادی جماعتوں کے لیے تشویش کا باعث ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جس طرح شہباز شریف نیب حکام کو کمیٹی اجلاس میں بلاتے ہیں، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ پی اے سی کی ڈھال کے پیچھے تحفظ چاہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں