ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 2 دہشتگرد ہلاک، کرنل مجیب الرحمان شہید

اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹانک کے قریب سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں دو خطرناک دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے کرنل مجیب الرحمان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ٹانک کے قریب دہشت گردوں کی پناہ گاہ پر کارروائی کرتے ہوئے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بنادی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز نے علاقے کا گھیراو کیا تو دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی جس کے بعد سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے 2 خطرناک دہشت گرد مارے گئے جب کہ ان کے ٹھکانے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کیا گیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دشت گرد بم دھماکوں، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔ دونوں دشت گرد پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی فورسز کو مختلف مقدمات میں بھی مطلوب تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے مقابلے میں کرنل مجیب الرحمان بھی شہید ہوگئے، شہید کا تعلق گلگت بلتستان کے ضلع استور کے علاقے بونجی سے ہے۔

شہید کرنل مجیب الرحمان کے پسماندگان میں بیوہ، 3 بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں