لال مسجد میں نماز جمعہ پڑھانے پر مولانا عبدالعزیز کیخلاف تیسرا مقدمہ درج

اسلام آباد (ش ح ط) لال مسجد میں با جماعت نماز جمعہ کرانے پر مولانا عبدالعزیز پر تیسرا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ آبپارہ کی حدود لال مسجد میں پابندی کے باوجود مولانا عبدالعزیز نے باجماعت نماز جمعہ ادا کروا کر اور کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر نہ کر کے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی تھی جبکہ عبدالستار نامی شخص پر آتشیں اسلحہ کی نمائش کرنے پر مقدمہ درج کر لیا گیا، مزید تفتیش جاری ہے۔

واضح رہے کہ مولانا عبدالعزیز کے خلاف گزشتہ نماز جمعہ کو بھی لوگوں کو لال مسجد میں جمع کرنے کے باعث مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اور اس سے پچھلے جمعہ کو بھی مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

کورونا وائرس کے پیش نظر حکومت نے نماز جمعہ کے اجتماعات پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

آج اسلام آباد میں مزید 8 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد اسلام آباد میں مریضوں کی تعداد 171 ہوگئی ہے جبکہ شہر اقتدار میں کورونا سے اب تک 2 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا وائرس سے مزید 21 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ جس کے بعد وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 166 ہوگئی ہے۔ جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 7993 تک پہنچ گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں