سعودی عرب: جدہ میں خواتین سے زیادتی کے الزام میں پاکستانی سمیت 3 افراد کے سرقلم کردیئے گئے

ریاض (ڈیلی اردو) سعودی عرب کے شہر جدہ میں گھر میں گھس کر خواتین سے زیادتی سمیت مختلف وارداتیں کرنے والے 3 افراد کا عدالت کے حکم پر سر قلم کردیا گیا۔ سزا پانے والوں میں 2 سعودی اور ایک پاکستانی شہری شامل ہیں۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وزارت داخلہ نے بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ سعودی شہری ہتان بن سراج بن سلطان الحربی، سلطان بن سراج بن سلطان الحربی اور پاکستانی شہری محمد عمر لئیق جمالی شراب پی کر جدہ کے ایک گھر میں گھس گئے تھے- وہ سکیورٹی فورس کا بھیس بدل کر گھر میں داخل ہوئے۔ ملزمان نے تین دھار وآلے آلہ سے ڈرا کر خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔ بعد ازاں ملزمان نے گھر کے دوسرے کمرے کا دروازہ توڑ کر دوسری خاتون کے ساتھ بھی زیادتی کی اور واردات کے بعد فرار ہوگئے تھے۔

وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ سکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے انہیں تلاش کرکے گرفتار کرلیا تھا، پوچھ گچھ کے بعد ان پر فرد جرم عائد کردی گئی۔

سعودی عدالت نے الزام ثابت ہونے پر تینوں کو (حد الحرابہ) کی سزا سنائی تھی- سعودیہ میں حد الحرابہ اسلامی قانون جرم و سزا کے تحت ایسے جرم کی سزا ہے جو وہاں بدامنی، انارکی اور خلفشار پھیلانے پر دی جاتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں