جنوبی وزیرستان: پی ٹی ایم رہنما عارف وزیر قاتلانہ حملے میں شدید زخمی، حالت تشویشناک

وانا (ڈیلی اردو) خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کے ہیڈ کوارٹر وانا میں پی ٹی ایم کے اہم رہنما عارف وزیر قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق پشتون تحفظ موومنٹ کے اہم رہنما اور رکن قومی اسمبلی علی وزیر کے چچازاد بھائی عارف وزیر پر جمعہ کی شام نامعلوم افراد نے قاتلانہ حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوچکے ہیں۔

ذرائع مطابق انہیں جنوبی وزیرستان کے ہیڈ کوارٹر وانا کے علاقے غواخوا میں گھر کے قریب نشانہ بنایا گیا۔

ذرائع کے مطابق عارف وزیر بازار سے اپنے گھر کی طرف جارہے تھے کہ نامعلوم کار سواروں نے فائرنگ کردی۔ عارف وزیر کو فوری طور وانا ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق عارف وزیر کی حالت انتہائی تشویشناک ہے اور ان کو ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کیا جا رہا ہے۔

پی ٹی ایم رہنما عبداللہ ننگیال کے مطابق عارف وزیر کو تین گولیاں لگی ہیں اور انہیں مزید علاج کیلئے ڈیرہ اسماعیل خان ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

اس وقت سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عارف وزیر ٹاپ ٹرینڈ کررہے ہیں۔

صحافی مالک اچکزئی نے لکھا ہے کہ عارف وزیر کو اس سے پہلے کئی بار گرفتار کیا گیا تھا، چھ سے زائد خاندان کے افراد کو قتل کیا جاچکا ہے۔

امریکا میں مقیم پی ٹی ایم کی رکن گلالئ اسماعیل نے لکھا کہ عارف وزیر کو چند عرصہ پہلے ہی جیل سے رہائی ملی تھی، اس وقت وہ زندگی اور موت کی کشمکش میں ہیں جبکہ پی ٹی ایم کی جانب سے بار بار سابقہ فاٹا میں شدت پسند تنظیموں کی دوبارہ منظم ہونے کی طرف اشارہ کیا جاچکا ہے۔

واضح رہے کہ ابھی تک کسی بھی گروپ کی جانب سے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق عارف وزیر اس وقت کومہ میں ہیں جس کی تصدیق رکن قومی اسمبلی اور عارف وزیر کے چچازاد بھائی علی وزیر نے بھی کی ہے۔

اے این پی کے مرکزی کونسل کے ممبر اور نامور لکھاری خان زمان کاکڑ نے لکھا کہ گزشتہ تین سالوں سے پی ٹی ایم کو ہر رمضان میں نشانہ بنایا جارہا ہے۔

پی ٹی ایم کے رکن حیات پریغال نے سوشل میڈیا پر عارف وزیر کی حالت کے بارے میں بتاتے ہوئے لکھا ہے کہ انہیں تین گولیاں لگی ہیں اور مزید علاج کیلئے انہیں ڈی آئی خان منتقل کیا گیا ہے۔

https://twitter.com/HayatPreghal/status/1256252863078006786?s=19

اس سے پہلے رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے ٹوئٹر پر اس بارے پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ عارف عزیر پر وانا میں قاتلانہ حملہ ہوا جس میں وہ شدید زخمی ہوچکے ہیں۔ وانا ہسپتال کا عملہ انہیں بچانے کی پوری کوشش کر رہا ہے، عوام ان کی صحت کیلئے دعا کریں۔

ذرائع کے مطابق عارف وزیر چند دن قبل ڈیرہ اسماعیل خان جیل سے رہا ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ غواخوا وہ علاقہ ہے جہاں شدت پسندوں کے کئی ٹھکانے موجود تھے اور آپریشن ضرب عضب سے پہلے یہاں مکانات پر کئی ڈرون حملے بھی ہوچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں