نئے پاکستان کا مطلب عام آدمی کو غربت سے نکالنا ہے: وزیر اعظم

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) وزیر اعظم پاکستان نے ریلوے ٹریکنگ سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تمام سہولیات ایلیٹ کلاس کے لیے تھیں، نئے پاکستان کا مطلب عام آدمی کوغربت سے نکالنا ہے۔

وزیر اعظم نے ٹریکنگ سسٹم اور تھل ایکسپریس کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ٹرین کے سفر کو مزید بہتر بنایا جائے گا، دنیا کا سب سے بہترین ریلوے چین کا ہے، ایم ایل ون سے کراچی کا سفر 8 گھنٹے میں طے ہو گا۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے شیخ رشید کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے میں چوری اورکرپشن کے کیسز نیب کو بھیجیں، انکا کہنا تھا کہ پچھلے دس سالوں میں کسی کوپکڑے جانے کا کوئی خوف نہیں تھا، پچھلے دس سال کے قرضے لوگوں کی جیبیوں میں گئے یہی وجہ ہے کہ آج ہم مشکل صورتحال سے گزر رہے ہیں، قرضوں کا ایک دن 6 ارب سود ادا کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ ایسے حالات پیدا نہ کرتے تو فری حج کروا دیتے، اپوزیشن والے کس منہ سے ایسی باتیں کرتے ہیں، ہم اپنے اخراجات کو کم کر رہے ہیں، شیخ رشید نے بھی ریلوے میں اخراجات کم کیے، مزید کریں گے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پہلے کھانے اورنہاریاں چلتی تھیں، آج چائے اور بسکٹ پیش کیے جاتے ہیں، پچاس ارب کی سالانہ گیس چوری ہوتی ہے، اگر گیس کی قیمت نہ بڑھاتے تو گیس کی کمپنیاں بند ہو جاتی، باتیں کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مشکل وقت ضرور ہے لیکن پاکستان کا مستقبل روشن ہے، ریلوے کی بھرپورمدد کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں