ماسکو (نیوز ڈیسک) روس نے عارضی طور پر ملک کو عالمی انٹرنیٹ سے منقطع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کی جانب سے عارضی طور پر انٹرنیٹ کو منقطع کرنے کا تجربہ اگلے چند ہفتوں میں کیا جائے گا، اس تجربے کے دوران روس انٹرنیٹ کے لیے اپنے ڈومین نیم سسٹم، ویب ڈومین ڈائریکٹری اور ایڈریسز پر انحصار کرے گا۔
عالمی میڈیا رپورٹ کے مطابق اس تجربے کو یکم اپریل سے پہلے مکمل کیے جانے کا امکان ہے تاہم حکام کی جانب سے کوئی حتمی تاریخ نہیں دی گئی ہے۔
یہ تجربہ روس کے ڈیجیٹل اکانومی نیشنل پروگرام کے تحت ہوگا، مجوزہ قانون گزشتہ سال پیش کیا گیا تھا جس کا مقصد روسی ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر کو اس وقت بھی محفوظ بنانا تھا جب دیگر کمپنیاں روس کے لیے انٹرنیٹ سروس منقطع کردیں۔
اس منصوبے کے تحت روسی انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے والی کمپنیاں یا آئی ایس پی ایس ملک کے اندر تمام ویب ٹریفک کو حکومتی ٹیلی کام ادرے روسکو منازور کے منظور کردہ روٹنگ پوائنٹس پر ری ڈائریکٹ کردیں گی۔
رپورٹ کے مطابق اس وقت روس میں بھی انٹرنیٹ ٹریفک کو عالمی سسٹم کے تحت استعمال کیا جاتا ہے جو دنیا بھر میں ڈیوائسز کو آن لائن کنکٹ کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
روسی حکومت کے اس پروگرام کا مقصد غیرملکی انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں پر انحصار ختم کرنا اور ملک کو اس حوالے سے خود مختار کرنا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ سائبر حملے سے بھی تحفظ مل سکے۔
اس تجربے کے بعد تمام انٹرنیٹ ٹریفک حکومتی روٹنگ پوائنٹس کے ذریعے کنٹرول کرنے سے ماسکو کو ویب سنسر شپ سستم کی تشکیل دینے کا موقع بھی ملے گا جیسا چین میں اس وقت ہورہا ہے۔