افغان صدر اشرف غنی کا دو ہزار طالبان قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم

کابل (ڈیلی اردو) افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی نے 2 ہزار طالبان قیدیوں کو رہا کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

تفصیلات کے مطابق افغان حکومت اور طالبان کی جانب سے عیدالفطر کے موقع پر تین روزہ جنگ بندی کے اعلان کے بعد صدر ڈاکٹر اشرف غنی نے 2 ہزار طالبان قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا۔

ترجمان افغان صدر صادق صدیقی کا کہنا ہے کہ طالبان کی 3 روزہ جنگ بندی کے جواب میں قیدیوں کو رہا کیا جا رہا ہے۔ افغان حکومت کا یہ فیصلہ خیرسگالی کی جانب ایک قدم ہے۔ ہفتے کو افغانستان میں طالبان حکومت نے افغان حکومت کے ساتھ تین دنوں کی جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔

افغان صدر اشرف غنی نے بھی اس اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ افغان فوج بھی اس جنگ بندی کا احترام کرے گی۔

صدر غنی کا مزید کہنا ہے کہ طالبان کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کے بعد افغان حکومت طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

یاد رہے کہ افغان صدر کی جانب سے طالبان قیدیوں کی رہائی کا اعلان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب حال ہی میں افغان فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپوں میں شدت دیکھی گئی ہے۔

طالبان نے اتوار کی صبح سے تین روز کے لیے جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔ عید کے پہلے روز طالبان اور افغان فورسز کے درمیان جھڑپ کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔

واضح رہے کہ امریکہ اور طالبان کے درمیان رواں برس فروری میں طے پانے والے امن معاہدے کے تحت افغان حکومت طالبان کے پانچ ہزار قیدی رہا کرے گی جب کہ طالبان بھی ایک ہزار قیدی رہا کرنے کے پابند ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں