سرینگر: ضلع شوپیاں میں جھڑپ، کمانڈر سمیت پانچ جنگجو ہلاک

سری نگر (ڈیلی اردو) بھارت کے جنوبی کشمیر کے ضلع  شوپیاں میں اتوار کو ہونے والے ایک مسلح تصادم میں  کمانڈر سمیت پانچ جنگجو مارے گئے۔

جموں و کشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے سرکاری نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ ضلع شوپیاں کے علاقے ریبن میں اتوار کی صبح ایک جھڑپ میں پانچ جنگجو مارے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگجووں کی شناخت معلوم کی جارہی ہیں اور علاقہ میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ضلع شوپیاں کے علاقے ریبن میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر جموں و کشمیر پولیس، فوج کی ایک راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقہ میں اتوار کی صبح کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔

سرینگر کے دفاع کے رابطہ عامہ کے افسر کرنل راجیش کالیا نے بتایا کہ ربین گاؤں میں دونوں طرف سے ہونے والی فائرنگ میں پانچ دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکیورٹی فورسز نے 14 جنگجوئوں کو ہلاک کردیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں