سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے

اسلام آباد (ڈیلی اردو) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بتایا کہ پارٹی کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔ انہوں نے کورونا کا ٹیسٹ کرایا جو مثبت آیا ہے، شاہد خاقان عباسی نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز اسی جماعت کے رہنماؤں خواجہ سلمان رفیق اور سیف الملوک کھوکھر میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

ادھر صوبہ پنجاب کے وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آ گیسٹن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔ اعجاز عالم نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔

کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی خبر صوبائی وزیر نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر بھی اپ لوڈ کر دی۔ اعجاز عالم نے جمعہ کے روز ہونے والے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں بھی شرکت کی تھی۔

اطلاعات ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا ہے اور ان کے نتائج آنے کا انتظار ہے۔

پاکستان تحریکِ انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی جے پرکاش لوہانہ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 3 ہزار 671 ہوگئی جب کہ 2 ہزار 67 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں