قائد حزب اختلاف شہباز شریف بھی کورونا کا شکار ہوگئے

لاہور (ڈیلی اردو) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن رہائشگاہ پر اپنے آپ کو قرنطینہ کر لیا ہے اور ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں۔

اس متعلق (ن) لیگ رہنما عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ قوم سے دعاؤں کی درخواست ہے، اللہ تعالی شہباز شریف کو جلد صحتیاب کرے، شہبازشریف کو ان حالات میں نیب میں طلب کرکے انکی زندگی کو خطرے میں ڈالا گیا ہے۔ تحریری طور پر نیب کو متعدد بار آگاہ کیا کہ شہبازشریف کینسر کے مرض میں مبتلا رہے ہیں اور انکی قوت مدافعت عام لوگوں کی نسبت کم ہے۔ یہاں تک کہ ویڈیو لنک پر تفتیش کرنے کی پیشکش کی گئی تھی۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ 9 تاریخ کو نیب کی پیشی کے علاوہ نہ کسی سے ملاقات کی اور نہ ہی کہیں اور گئے، اگر میاں شہباز شریف کو کچھ ہوا تو عمران نیازی اور نیب ذمہ دار ہوں گے۔

ملک میں آج اب تک کورونا سے مزید 101 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 2356 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 119536 تک پہنچ گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں