کراچی: کھارادر میں تین بچوں کی ‘پراسرار’ ہلاکت اور تدفین

کراچی (ڈیلی اردو) کراچی کے علاقے کھارادر میں پر اسرار طور پر ہلاک ہونے والے تین کمسن سگے بہن بھائیوں کی بغیر پوسٹ مارٹم کے تدفین کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کھارادر میں ایک ہی گھر کے تین بچوں کی ہلاکت معمہ بن گئی ہے، بچوں نے اتوار کی شب آئس کریم اور برگر کھایا تھا۔

بعد ازاں زہر خورانی کی اطلاع پر گزشتہ رات تین سگے بہن بھائیوں کو ہسپتال لے جایا گیا، جہاں قومی ادارہ برائے اطفال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جمال رضا کے مطابق گیارہ سالہ بچی کو مردہ حالت میں ہسپتال لایا گیا جبکہ لواحقین پوسٹ مارٹم کرانے کے لیے بھی تیار نہ تھے، ہلاک ہونے والے بچوں میں گیارہ سالہ عائزہ اس کا چھوٹا بھائی آٹھ سالہ سعد اور چھوٹی بہن دو سالہ صفا شامل ہیں۔

پولیس کا موقف ہے کہ تین بچوں کی ایک ساتھ ہلاکت معمولی بات نہیں، لواحقین کے ابتدائی بیان کے مطابق برنس روڈ سے بچوں کو گزشتہ روز برگر کھلایا تھا اور گھرپر بھی کھانا پکایا گیا تھا اور اب پچوں کی بغیر پوسٹ مارٹم بچوں کی تدفین میوہ شاہ قبرستان میں کردی گئی جبکہ واقعے سے متعلق اہلخانہ نے میڈیا کو موقف دینے سے انکار کردیا ہے۔

بچوں کی پراسرار ہلاکت پر پولیس نے شک کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ گھر میں مچھر مار یا جراثیم کش اسپرے کا استعمال کیا گیا جو ممکنہ طور پر کھانے پر بھی اثر انداز ہوا، لیکن لواحقین نے اب تک اسپرے کرنے کی تصدیق نہیں کی ہے، تاہم پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کررہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں