سرگودھا: جائیداد تنازعہ پر چچا کے ہاتھوں 4 یتیم بھتیجیوں کا لرزہ خیز قتل

سرگودھا (ڈیلی اردو/این این آئی) صوبہ پنجاب کے ضلع سرگودھا کے گاؤں ناڑا شمالی میں رشتوں اور جائیداد کے تنازعہ پر چچا نے مسلح ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کر کے اپنی چار یتیم بھتیجوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

پولیس نے مقتولین کی نعشیں پوسٹمارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی۔

ریجنل پولیس آفیسر سرگودھا نے ڈی پی او سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔ ڈی پی او نے جائے وقوعہ کا معائنہ کرتے ہوئے ڈی ایس پی کی سربراہی میں انوسٹی گیشن ٹیمیں تشکیل دے دیں۔

زرائع کے مطابق سرگودھا ریجن میں جوہر آباد کے گاؤں ناڑا شمالی نزدبستی شیروالی میں چچا نے مسلح افراد کے ہمراہ مرحوم بھائی شیر محمد سیدو اعوان کے ڈیرہ پر اندھا دھند فائرنگ کر کے تین شادی شدہ سمیت چاروں یتیم بھتیجوں شازیہ پروین زوجہ عطا محمد، بشری آزاد زوجہ محمد آزاد، سلطانہ بی بی زوجہ محمد بشیر اور نسرین خاتون دختر محمد شیر کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

معلوم ہوا ہے کہ چند روز قبل مقتولین کی والدہ فوت ہوئی تھی جس پر ان کے چچا افسوس کرنے کے لیے آئے تھے جہاں پر ان کا جائیداد کے تنازعے پر جھگڑا ہو گیا تھا اور آج چچا نے چاروں بہنوں کو موت کی نیند سلا دیا۔

ڈی پی او خوشاب رانا شعیب محمود کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں