پاراچنار: سیکورٹی فورسز نے محسن داوڑ کو ضلع کرم میں داخل ہونے سے روک دیا

پشاور (ڈیلی اردو) پختون تحفظ موومنٹ کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی محسن داوڑ کو سیکیورٹی فورسز نے ضلع کرم میں داخل ہونے سے روک دیا۔

تفصیلات کے مطابق محسن داوڑ ضلع کرم میں دو قبائل کے درمیان زمین کے تنازع پر جاری کشیدگی میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت کےلئے ضلع کرم جارہے تھے تاہم سیکیورٹی فورسز نے انہیں چھپری کے مقام پر روک لیا۔

اس موقع میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے سیکیورٹی فورسز اور ضلعی انتظامیہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ ہمیں اپنے بھائیوں سے ملنے سے منع نہیں کرسکتے۔ یہ ہماری اپنی سرزمین ہے میں یہاں بار بار آوں گا۔ انہوں نے کہا کہ اس دفعہ تو میں چند ساتھیوں کے ہمراہ آیا تھا تو آپ نے راستے بند کردیئے لیکن ہوسکتا ہے کہ آئندہ میں ہزاروں کی تعداد میں کارکنوں کے ساتھ آجاؤ اور پھر شاید آپکی ساری مشینری بھی مجھے روک نہ سکے۔

واضح رہے کہ محسن داوڑ نے چند روز پہلے قومی اسمبلی سے اپنے خطاب حکومت کو ضلع کرم میں دو اقوام کے مابین زمینی تنازعے کی وجہ سے ہونے والے تصادم سے آگاہ کیا تھا اور حکومت سے اس واقعہ پر جلد از جلد نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔

یادر رہے کہ گذشتہ پانچروز سے پاڑہ چمکنی قبائل اور بالیش خیل قبائل کے درمیان زمین کے تنازعے پر پرتشدد چھڑپوں میں کم از کم 14 افراد ہلاک جب کہ 40 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں