اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاج

راولپنڈی (ڈیلی اردو) اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کے خلاف جماعت اسلامی پاکستان نے مری روڈ لیاقت باغ پر پُرامن احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کے خلاف نعرے درج تھے۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل شمالی پنجاب رضا احمد شاہ کا کہنا تھا پاکستان کے وفاقی دارالحکومت میں مندر کی تعمیر کی شدید مذمت کرتے ہیں، اس ملک میں جماعت اسلامی وہ واحد سیاسی مذہبی جماعت ہے جو مندر کی تعمیر کے خلاف عدالت گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول پر جارحیت کا مظاہرہ کررہا ہے اور ہمارے حکمران اسلام آباد میں مندر تعمیر کرنا چاہتے ہیں ایسا نہیں ہوگا، مندر کی تعمیر رکوانے کے لیے ہر دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔

مظاہرین سے ضلعی سیکرٹری جماعت اسلامی سید عزیر حامد، ضلعی جماعت اسلامی یوتھ ملک عمران خان سمیت دیگر نے خطاب کیا، مظاہرین پر امن احتجاج کے بعد منتشر ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں