پاراچنار: نااہل پولیس اور انتظامیہ کی وجہ سے عوام پر جھوٹے مقدمات درج کئے جارہے ہیں، طوری بنگش عمائدین

پاراچنار (محمد صادق) قبائلی ضلع کرم کے طوری بنگش قبائل نے کہا ہے کہ نا اہل پولیس اور انتظامیہ کے افسران کی وجہ سے عوام پر غلط مقدمات درج کئے جارہے ہیں اور پولیس و انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے آئے روز جھڑپوں میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہورہا ہے۔

پاراچنار میں احتجاجی مظاہرے کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طوری بنگش قبائل کے رہنما حاجی سردار حسین، صوبیدار میجر (ر) محمد ناصر، منصب علی، ممتاز حسین، مشیر حسین، سید رضا حسین اور دیگر عمائدین نے کہا کہ ضلع کرم میں پولیس اور انتظامیہ کے نااہل افسران کی وجہ سے بار بار معمولی معمولی تنازعات خونریز جھڑپوں کی شکل اختیار کرتے ہیں اور اس میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہورہا ہے مجبورا بار بار پاک فوج بیچ میں آکر تنازعات کے تصفیے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ صدہ میں تعینات ان پڑھ ایس ایچ او رشید نے کسی اور کے تحریر پر دستخط کرکے پر امن شہریوں پر ایف آئی آر درج کئے اور غلط دفعات لگادئیے جس کی وجہ سے نہ صرف پر امن شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے بلکہ فاٹا انضمام کے بعد نئے قوانین کے خلاف بھی لوگوں میں نفرت پیدا ہورہی ہے۔

رہنماؤں نے کہا کہ ایف سی آر کے دور میں جہاں پانچ سو روپے خرچ ہوتے تھے اب وہاں پچیس ہزار روپے خرچ کرنے پڑتے ہیں۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ افسران کی نااہلی کی وجہ سے رشوت عروج پر ہے رہنماؤں نے ایس ایچ او رشید کی فوری برطرفی اور اہل و تعلیم یافتہ افسران کی تعیناتی کا مطالبہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں