پاراچنار: ایف سی کی فائرنگ سے دو افراد ہلاک، چار شدید زخمی، قبائل کا دھرنا

پاراچنار (محمد صادق) قبائلی ضلع کرم کے مالی خیل قبائل نے ایف سی کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے افراد کی لاشیں پریس کلب کے سامنے رکھ کر احتجاج شروع کردیا ہے اور انصاف نہ ملنے تک احتجاجی دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اپر کرم کے علاقے مالی خیل میں سرچ آپریشن کے دوران ایف سی کی فائرنگ سے آج دو افراد ہلاک جبکہ چار زخمی ہوگئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں یعقوب علی نامی شخص راستے میں دم توڑ گیا جبکہ حجاب حسین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے پاراچنار ہسپتال میں دم توڑ گئے جبکہ دیگر چار افراد عادل حسین، معراج حسین، سفر علی، لجبر حسین شدید زخمی ہوگئے۔

مالی خیل قبائل نے واقعے کے بعد احتجاج کرتے ہوئے لاشیں پاراچنار پریس کلب کے سامنے رکھ دئیے اور احتجاجی دھرنا دیدیا۔

مالی خیل قبائل کے رہنماؤں عارف حسین، دولت خان، محبوب حسین، ہدایت حسین، حاجی سردار حسین اور دیگر نے کہا کہ روزانہ لاشیں اٹھا اٹھا کر تھک چکے ہیں، ہر روز کسی نہ کسی بہانے ہمارے بے گناہ لوگ مارے جارہے ہیں اور آج ایف سی کے فائرنگ سے دو افراد چل بسے اور چار افراد زخمی ہوگئے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ فائرنگ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کیا جائے اور سرحدی علاقوں میں ایف سی کی بجائے پاک فوج کو تعینات کیا جائے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ انصاف نہ ملنے تک احتجاجی دھرنا جاری رکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں