دبئی (ویب ڈیسک) پی ایس ایل 4 کے تیسرے میچ میں کوئٹہ کلیڈی ایٹرزنے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کا آغاز کامیابی سے کیا ہے۔
دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیتا اور پہلے فیلڈنگ کرنے کو ترجیح دیتے ہوئے پشاور زلمی کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولرز کی نپی تلی بولنگ کی بدولت زلمی کے بلے باز کھل کر نہ کھیل سکے اور بڑا ہدف دینے میں ناکام رہے۔
پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنائے، کامران اکمل اور مصباح الحق49،49 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ فلیچر ایک، صہیب مقصود 26، پولارڈ 3 اور ڈاؤسن نے 21 رنز کی باری کھیلی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد نواز نے 2،محمد عرفان جونیئر اور غلام مدثر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پشاور زلمی کے 156 رنز کے ہدف کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا آغاز اچھا نہ تھا، پہلی ہی گیند پر احمد شہزاد پویلین لوٹ گئے، جس کے بعد بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ہدف 4 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔
عمراکمل نے شاندار نصف سنچری اسکور کرتے 75 رنز کی باری کھیل کر ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرایا جب کہ سرفراز احمد 37،ڈیون اسمتھ نے 11، واٹسن اور روسوو 19،19 رنز کی باری کھیلی۔
پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض نے 2 جب کہ حسن علی اور عمید آصف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔